جموں:جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے نارلہ گاﺅں میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین تازہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک اور جنگجو مارا گیا اور اس طرح اس تصادم میں مہلوک جنگجوﺅں کی تعداد 2 ہوگئی جبکہ ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں ایک فوجی بھی از جان ہوا ہے ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں مکیش سنگھ نے ٹویٹ کرکے کہا کہ ‘راجوری کے نارلہ گاﺅں میں جاری تصادم میں دو دہشت گرد مارے گئے ‘۔
بتادیں کہ موصوف اے ڈی جی پی کے مطابق منگل کی سہہ پہر کو چھڑنے والے اس تصادم میں 2 جنگجو ہلاک جبکہ ایک فوجی جوان جان بحق ہوا اور ایک ایس پی او سمیت تین جوان زخمی ہوئے تھے۔
دفاعی ذرائع کے مطابق راجوری کے نارلہ گاوں میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے منگل کی سہ پہر علاقے کو محاصرے میں لے کر جوں ہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہاں پر موجود جنگجووں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
انہوں نے کہا کہ رات کو اندھیرے کے پیش نظر آپریشن ملتوی کیا گیا اور بدھ کی صبح آپریشن کی بحالی کے ساتھ ہی سیکورٹی فورسز اور جنگجوﺅں کے درمیان تازہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔ذرائع کے مطابق علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے اور اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔