پٹنہ: جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی 23 جون کو پٹنہ میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے لیے منعقد ہونے والی میٹنگ کے لیے جمعرات کو سب سے پہلے پٹنہ پہنچیں۔ پٹنہ ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا گیا۔ اس کے بعد وہ ریاست کے نالندہ ضلع پہنچ گئیں۔ نالندہ میں اسلام پور پہنچنے کے بعد انہوں نے یوسف شاہ چک کے مقبرے پر حاضری دی۔ یوسف شاہ چک کشمیر کا آخری مسلم حکمران تھے۔ ان کی آرام گاہ کشمیر اور بہار کے تعلقات کی علامت ہے۔
محبوبہ مفتی نے ٹویٹ کیا کہ انہوں نے یوسف شاہ چک کی قبر پر خراج عقیدت پیش کیا۔ کشمیر کے آخری مسلم حکمران کی حیثیت سے ان کی آرام گاہ کشمیر اور بہار کے تعلقات کی علامت ہے۔ بدقسمتی سے سائٹ مکمل طور پر خستہ حال اور برباد ہو چکی ہے۔ اپیل ہے کہ نتیش کمار جی تاریخ کے اس آثار کو محفوظ کرنے کے لیے اقدامات کریں۔
محبوبہ مفتی نے بودھ گیا کا بھی دورہ کیا اور وہاں بھی تصویریں کھنچوائیں۔ انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بودھ گیا آکر کافی اچھا لگا۔