عظیم زرعی سائنسدان ایم ایس سوامی ناتھن کا انتقال

ستمبر 28, 2023 , 5:13 شام


چنئی: ملک میں سبز انقلاب کے بانی عظیم سائنسدان ڈاکٹر ایم ایس سوامی ناتھن کا جمعرات کو تمل ناڈو کے چنئی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 98 برس تھی اور وہ طویل عرصے سے بڑھاپے کی بیماریوں میں مبتلا تھے۔
ایم ایس سوامی ناتھن ریسرچ فاؤنڈیشن کے ذرائع نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ عظیم زرعی سائنسدان کا طویل عرصے سے عمر سے متعلق بیماری کا علاج کیا جا رہا تھا۔ ان کے خاندان میں تین بیٹیاں ہیں۔
ڈاکٹر سوامی ناتھن نے ملک میں دھان کی فصل کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے دھان کی زیادہ پیداوار دینے والی اقسام تیار کرنے میں اہم کردار ادا کیاتھا۔ اس اقدام کی وجہ سے پنجاب، ہریانہ اور اتر پردیش کے کسانوں کو کافی مدد ملی۔ انہوں نے اپنی مدت کارکے دوران کئی اہم عہدوں پر کام کیا۔ وہ انڈین ایگریکلچرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر(1961–1972)، آئی سی آر کے ڈائریکٹر جنرل اور محکمہ زرعی تحقیق اور تعلیم کے سیکریٹری (1972–79)، وزارت زراعت کے پرنسپل سیکریٹری (1979–80) کے طور پر خدمات انجام دیں۔
ڈاکٹر سوامی ناتھن کو 1987 میں پہلا فوڈ پرائز دیا گیا تھا۔ انہیں پدم شری، پدم بھوشن اور پدم وبھوشن سے بھی نوازا گیا۔

زرعی سائنسدان سوامی ناتھن کے انتقال پر مودی کا اظہار غم

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان میں سبز انقلاب کے بانی عظیم زرعی سائنسدان ایم ایس سوامی ناتھن کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر سوامی ناتھن کا جمعرات کی صبح 11.20 بجے چنئی کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا۔
مسٹر مودی نے ایکس (سابقہ ​​ٹویٹر) پر عظیم زرعی سائنسدان سوامی ناتھن کے انتقال پر لکھا، ’’ڈاکٹر ایم ایس سوامی ناتھن کے انتقال سے گہرا دکھ ہوا۔ ہماری ملکی تاریخ کے انتہائی نازک وقت میں، زراعت کے شعبے میں ان کے بے مثال کام نے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بدل دیں اور ہمارے ملک کے لیے غذائی تحفظ کو یقینی بنایا۔
وزیر اعظم نے کہا، "زراعت میں ان کی انقلابی شراکت کے علاوہ، ڈاکٹر سوامی ناتھن اختراع کا پاور ہاؤس اور بہت سے لوگوں کے لیے مینٹور تھے۔ تحقیق اور مینٹورشپ کے لیے ان کی غیر متزلزل وابستگی نے لاتعداد سائنسدانوں اور اختراعیوں پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔
مسٹر مودی نے کہا، ’’میں ڈاکٹر سوامی ناتھن کے ساتھ اپنی بات چیت کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ ہندوستان کی ترقی کو دیکھنے کا ان کا جذبہ مثالی تھا۔ ان کی زندگی اور کام آنے والی نسلوں کو متاثر کرے گا۔ ان کے اہل خانہ اور مداحوں سے تعزیت، اوم شانتی۔

تازہ ترین – Recent Posts

اشتہارات – Advertisements

تازہ ترین سرخیاں – Headlines

تصدیق ٹی وی – Tasdeeque TV