پورنیہ: پورنیہ میں سنیچر کو عظیم اتحاد کی ایک بڑی ریلی کا انعقاد ہوا۔ اس میں نتیش کمار تیجسوی یادو سمیت عظیم اتحاد کے کئی لیڈروں نے حصہ لیا۔ آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو نے ریلی سے ورچوئل طور پر خطاب کیا۔ لالو سنگاپور سے کڈنی ٹرانسپلانٹ کروانے کے بعد اس وقت دہلی میں ہیں۔
لالو یادو نے کہا- بی جے پی پارٹی نہیں ہے، یہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کا مکھوٹا ہے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس ریزرویشن کے سخت مخالف ہیں۔ متحد رہیئے۔ ہم ساتھ رہیں گے تو یہ لوگ کچھ نہیں کر سکیں گے۔ نریندر مودی حکومت کو ملک سے وداع ہونے کا وقت آگیا ہے۔ ہم اور نتیش ایک ہو گئے ہیں۔ اب ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔ 2024 میں ریکارڈ توڑنا ہے۔
لالو یادو نے یاد دلایا کہ میں نے بہار کے لوگوں کے ساتھ مل کر آر ایس ایس کے رتھ کو روکا تھا۔ بہار کے کروٹ پر ملک میں ہوائیں بدلتی ہیں۔ یہ آر ایس ایس گرو گولوالکر کی پارٹی ہے۔ گولوالکر نے ‘بنچ آف تھاٹس’ میں دو خطرناک باتیں لکھی ہیں۔ پہلا- اگر کوئی دلت پوجا کرنے کاشی وشوناتھ مندر پہنچتا ہے تو اسے جوتا مار کر باہر نکال دو۔
دوسرا- ریزرویشن کو ختم کیا جائے، اسے تبدیل کیا جائے۔ ریزرویشن کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ یہ ہے آر ایس ایس اور بی جے پی کا اصلی چہرہ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تانا شاہی ہے۔ آرایس ایس جو چاہ رہی ہے، مودی وہی کر رہے ہیں۔ جمہوریت کا قتل کر رہے ہیں۔
مرکزی حکومت کے ذریعہ غریبوں کو مفت راشن دیئے جانے پر لالو پرساد نے کہا کہ بی جے پی مفت راش اپنے گھر سے نہیں دے رہی ہے۔
لالو نے کہا- میری بیٹی روہنی نے میرے لیے بہت کچھ کیا ہے۔ اس نے میرے لیے جو کیا وہ کوئی نہیں کر سکتا۔ میں روہنی کا قرض کبھی نہیں چکا سکتا۔
بی جے پی بولتی کچھ اور کرتی کچھ ہے : نتیش کمار
نتیش کمار نے ریلی میں امیت شاہ پر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر قبضہ کر لیا ہے۔ وہ ملک کے مفاد میں کوئی کام نہیں کر رہے ہیں۔ انھوں نے بہار کی ترقی کے لیے کچھ کام نہیں کیا، لیکن یہاں آنے کے بعد انھوں نے کیا کہا کہ ہم نے یہ ترقی اور وہ ترقی کی۔ پچھلے الیکشن میں ان لوگوں نے بہار کی ترقی کے لیے مدد کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن کوئی مدد نہیں کی تھی۔
نتیش کمار نے ایک بار پھر اپوزیشن کے متحد ہونے کی ضرورت کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو یہ فیصلہ کرنا چاہئے کہ اگر ہم سب متحد ہیں تو 2024 میں بی جے پی کو 100 سے زیادہ سیٹیں نہیں ملیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ زندگی بھر عوام کی بھلائی کے لیے کام کریں گے۔ میری کوئی ذاتی خواہش نہیں ہے۔ میری خواہش ہے کہ ملک آگے بڑھے، اس کے لیے بی جے پی کو ہرانا ہوگا۔ جیسے ہم بہار میں متحد ہیں، ہمیں ملک میں متحد ہونا ہوگا۔
میرے بارے میں کہا گیا کہ میں نے جارج فرنینڈس کو دھوکہ دیا ،جبکہ ہم ان کے ساتھ ہی تھے۔ شرد یادو کے بارے میں کہا گیا کہ میں نے انہیں چھوڑ دیا، جب کہ آج ان کا بیٹا یہاں بیٹھا ہے۔ میں ان کی موت کے بعد بھی میں وہاں گیا۔ میں نے جارج فرنانڈس کو بھی کبھی نہیں چھوڑا۔ یہ لوگ صرف باتیں کرتے رہتے ہیں۔ آخر میں نتیش کمار نے کہا کہ اب لوگ جیتن رام مانجھی پر لگے ہیں۔ ہم انہیں کہیں نہیں جانے دیں گے۔
میرے والد نے فرقہ وارانہ طاقتوں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے، میں بھی ان کا ہی بیٹا: تیجسوی یادو
نتیش کمار سے پہلے تیجسوی یادو نے ریلی سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہمارے یہاں عظیم اتحاد ہے۔ اسی طرح ملک میں بھی عظیم اتحاد ہے۔ آپ کی دعاؤں سے میرے والد آج بالکل ٹھیک ہیں۔ آج میں بہت خوش ہوں کہ میرے والد ایک بار پھر اپنے پرانے انداز میں نظر آئے۔
میرے والد آج تک فرقہ پرست طاقتوں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے۔ وہ ہمیشہ ان لوگوں سے لڑتے رہے۔ بی جے پی کے لوگ لیڈر نہیں، ڈیلر ہیں۔ یہ لوگ جمہوریت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ لالو کا بیٹا بھی وعدہ کرتا ہے کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں کے سامنے کبھی گھٹنا نہیں ٹیکے گا۔ ہم ساتوں جماعتیں مل کر ملک کو آگے لے جائیں گی۔
تیجسوی نے کہا کہ بی جے پی کے خلاف بولتے ہی ملک میں چھاپے پڑ جاتے ہیں۔ ان سے مل رہنے والوں کو بچایا جاتا ہے۔ نتیش نے عین وقت پر انہیں چھوڑ دیا اور عظیم اتحاد بنالیا۔ اگر ہم متحد ہو کر لڑیں گے تو ہماری جیت یقینی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب جب بہار لڑتا ہے تو دہلی ہار جاتا ہے۔ انہوں نے نتیش جی کی پارٹی کے ساتھ کیا نہیں کیا؟ مہاراشٹر والا کھیل کھیلنا چاہتے تھے، سی بی آئی کا خوف دکھا رہے تھے۔ بہار کی سرزمین نے بی جے پی کو پیغام دے دیا ہے۔ جب بہار یہ کر سکتا ہے تو ملک کیوں نہیں کر سکتا۔
تیجسوی نے کہا کہ بھی وزیر اعظم اور وزیر اعلی بننے کی کسی کی بھی کوئی خواہش نہیں ہے۔ ہمیں صرف مل کر ان لوگوں کو ملک سے باہر نکالنا ہے۔ افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ بی جے پی کو 2024 میں اقتدار سے بے دخل کر دینا ہے۔ 24 کی لڑائی سنگھیوں، آر ایس ایس اور بی جے پی سے ہے۔
2014 میں مودی جی نے بہار کو خصوصی درجہ دینے کا وعدہ کیا تھا۔ مودی جی، ہم بہاری لوگ ہیں، ہمیں جملے مت دو۔ تمہارا جملہ بہار میں نہیں چلے گا۔
تیجسوی یادو نے والمیکی نگر میں جنگل راج پر وزیر داخلہ امت شاہ کے بیان پر جوابی حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں جنگل راج نہیں ہے، جنتا کا راج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام اونچی ذاتوں، دلتوں اور قبائلیوں کو ساتھ لے کر چلتے ہیں۔