ممبئ :مہاراشٹرا ضلع کے ویجا پور تعلقہ میں سمرودھی ایکسپریس وے پر ایک بار پھر خوفناک سڑک حادثہ رونما ہوا جس میں امراوتی ضلع میں واقع مشہور صوفی سنت سیلانی بابا کی درگاہ کی زیارت کرکے لوٹنےوالے زائرین کی منی بس ہائی وے پر کھڑی ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 12افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ 18 افراد زخمی ہو گئے ۔
موصلہ اطلاعات کے مطابق، یہ حادثہ کل رات تقریباً ایک بجے پیش آیا جب زائرین کی بس ویجا پور کے قریب سمرودھی ایکسپریس وے پر جبارگاؤں ٹول پلازہ کے قریب کھڑی ٹرک سے ٹکرا گئی۔
ابتدائی معلومات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس حادثے میں 6خواتین اور ایک چار ماہ کا بچہ سمیت 12افراد کی موت ہو گئی ہے اور حادثے میں 18 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ تمام مسافر ناسک ضلع کے پاتھارڈی اور اندرا نگر کے رہائشی ہیں۔
دیر رات سے راحتی کام جاری ہے اور زخمیوں کو چھترپتی سمبھاجی نگر اور ویجا پور کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال (جی ایم سی ایچ) میں داخل کرایا گیا ہے۔